ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہسانہ گجرات فساد کے مجرموں کو سزاملنے سے ملک کے تمام مظلوموں کوملا ہے حوصلہ

مہسانہ گجرات فساد کے مجرموں کو سزاملنے سے ملک کے تمام مظلوموں کوملا ہے حوصلہ

Sat, 06 Aug 2016 21:12:11    S.O. News Service

مجلس منتظمہ کے اجلاس میں قاری محمد امین جمعیہ علماء راجستھان کے صدر منتخب ، مولانا عبدالواحد کھتری ناظم اعلیٰ نامزد 
جے پور،6اگست؍(آئی این ایس انڈیا)اہم ملی تنظیم جمعےۃ علماء ہند کی راجستھان یونٹ کی مجلس منتظمہ کا اجلاس آج جے پور کے مسلم مسافر خانہ میں منعقد ہوا، جس میں ریاست کے سبھی اضلاع سے اراکین منتظمہ شریک ہوئے اور اتفاق رائے سے مولانا قاری محمد امین مہتمم دارالعلوم پوکرن کو جمعےۃ علماء راجستھان کا صدر منتخب کیا جب کہ مولاناحبیب اللہ گھاگھرہ، مولانا نعمان کرمود، مولانا شبیر جھن جھنوں، مولانا حبیب الور نائبین صدراور مفتی جمال الدین خازن منتخب ہوئے ۔اجلاس میں اراکین کے مشورے سے مولانا عبدالواحد کھتری کو ناظم اعلی نامزد کیا گیا ۔ مولانا کھتری کئی ٹرم سے راجستھان جمعےۃ کے ناظم اعلی ہیں ، اس اجلا س میں پچھلے ٹرم میں صدر رہ چکے مولانا ابراہیم اور مولانا اسدالدین کو سرپرست منتخب کیا گیا ۔ مرکز سے بطور آبزرور مولانا قاری شوکت علی ویٹ اور مہمان خصوصی مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا حکیم الدین قاسمی نے نو منتخب صدر قاری محمد امین کو مبارک بادی پیش کی اور کہا کہ مولانا محترم بیعت وارشاد کی نسبت سے حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ کے مجازہیں ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعےۃ علماء ہند کی خدمات اور اس کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعےۃ صرف مسلمانوں کی نہیں بلکہ اس ملک کی بھی ضرورت ہے ۔ انھوں نے اکابر جمعےۃ کے راہ اعتدال ، ہوش مند فکرو قیادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے اکابر نے برصغیر میں ملت اسلامیہ کی جتنی مخلصانہ و مجاہدانہ خدمت انجام دی ہیں وہ کسی کے حصہ میں نہیں آئیں۔اسی طرح الحمد للہ امیر الہند مولانا قاری محمد عثمان منصورپوری صدر جمعےۃ علماء ہند اور مولانا محمود مدنی ناظم عمومی جمعےۃ علماء ہند کی ہوش مند قیادت میں جمعےۃ ملک کے گوشے گوشے میں پوری دلجمعی سے خدمت انجام دے رہی ہے۔ مولانا حکیم الدین نے آسام فساد ۲۰۱۲ء کے بعد بے قصور قید کیے گئے۴۳؍مسلم نوجوانوں کی رہائی ،اسی طرح گجرات فساد کے دوران مہسانہ میں مسلم خاندان کو زندہ جلانے والے مجرموں کو کیفردار تک پہنچانے میں جمعےۃ کی جدوجہد کوایک تاریخ سازعمل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے مظلوموں ، متاثرین اور ملت اسلامیہ ہند کو حوصلہ ملاہے۔واضح ہو کہ گجرا ت ہائی کورٹ نے اپنے لینڈ مارک فیصلے میں مہسانہ میں فساد کے دوران زندہ جلانے والے گیارہ مجرموں کوعمر قید کی سزا دی ہے ، اس کیس میں جمعےۃ متاثرین کی طرف سے پارٹی تھی ۔مولانا حکیم الدین نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند نے بے قصوروں کی رہائی کو ایک مشن بنا رکھا ہے اور آج کے اجلاس کے ذریعے جماعتی ذمہ داروں تک یہ بات پہنچانا ضروری ہے کہ اگرکہیں کوئی بے قصورگرفتار ہوتو جمعےۃ علماء ہند کے دفتر میں رابطہ کریں ، وہاں باضابطہ ایک لیگل سیل قائم ہے ، ان شاء اللہ حسب روایت قانونی مدد کی جائے گی ، اس کے علاوہ مولانا قاری شوکت علی ویٹ اور مولانا عبدالواحد کھتری وغیرہ کا بھی خطاب ہوا۔اس اجلاس میں مذکورہ شخصیات کے علاوہ مولانا عمر باڑھ میر، مولانا رمضان جودھپور،مولانارحمت اللہ پوکرن،مولاناارشدپوکرن،مولانا علیم الدین اجمیری،مولانا حبیب اللہ جودھپور، مولانا یونس سیکڑ، مولانا اسعد، جھن جھنوں سے مولانا کلیم اللہ ، مولانا ارشد، مولانا کمال الدین،مولانا سلیم الدین ،مفتی شفیق الرحمن جے پور، مولانا محفوظ جے پور اور مولانا سلیم الدین ادے پوروغیرہ شریک تھے ۔


Share: